چیانگ کائی شیک
وکیپیڈیا سے
Chiang Kai Shek
پیدائش: 1887ء
انتقال: 1975ء
قوم پرست چینی لیڈر ۔ جاپان کی فوجی اکادمی سے ڈگری حاصل کی اور کچھ مدت جاپان کی فوج میں ملازمت کی۔ 1911ء کے انقلاب میں معمولی خدمات انجام دیں۔ 1913 میں یون شہ کائی کی حکومت کا تختہ الٹنے میں سرگرم حصہ لیا۔ 1917ء میں سن یات سین نے کانٹن حکومت قائم کی تو چیانگ نے اس کی فوجی مدد کی۔ 1923ء میں سن یات سین نے اس کو روس سے امداد لینے کے لیے ماسکو بھیجا۔ واپسی پر فوجی اکادمی کا کمانڈنٹ مقرر ہوا۔ سن یات سین کی وفات پر اس کو اہمیت حاصل ہوئی۔
1926ء میں اس کی فوج نے ہنکو ، شنگھائی اور نانکنگ پر قبضہ کر لیا۔ اس نے سین کی پالیسی پر چل کر کمیونسٹوں سے تعاون کرکے روس سے امداد حاصل کی۔ 1927ء میں اس کی پالیسی میں ڈرامائی تبدیلی آگئی اور کومنتانگ اور کمیونسٹوں میں طویل خانہ جنگی شروع ہوگئی۔ 1928ء میں وہ نانکنگ میں قومی حکومت کا سربراہ بن گیا۔ 1936ء میں اسے اغوا کرکے مجبور کیا گیا کہ جاپان کے خلاف اعلان جنگ کرے اور کومنتانگ حکومت میں کمیونسٹوں کو شامل کرے۔ جب جاپان نے نانکنگ اور ہنکو پر قبضہ کر لیا تو اس نے اپنا صدر مقام چنگ کنگ میں تبدیل کر لیا۔ دوسری جنگ عظیم میں چیانگ ایک اہم شخصیت تھا۔ 1943ء میں قاہرہ میں صدر روزویلٹ اور مسٹر چرچل کے مابین کانفرنس ہوئی تو چیانگ نے بھی اس میں شرکت کی۔ جنگ کے خاتمے خانہ جنگی شروع ہو گئی۔ 1948ء میں چیانگ چین کا پہلا آئینی صدر منتخب ہوا۔ 1950ء میں کمیونسٹوں نے ماوزے تنگ کی زیر قیادت چنانگ کی فوجوں کو شکست فاش دی تو اس نے امریکا کی مدد سے فارموسا میں اپنی حکومت قائم کر لی۔